نیشنل کبڈی چیمپئن شپ،ائیر فورس،واپڈا کی ٹیمیںفائنل میں پہنچ گئیں


لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں پاکستان ایئر فورس اور واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں ۔ لاہور میں جاری ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان ایئرفورس ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان پولیس کی ٹیم کو 37کے مقابلے میں 51پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو ہاف ٹیم تک برتری حاصل تھی جو میچ کے اختتام تک جاری رہی ۔ دوسرے سیمی فائنل میں واپڈا کی ٹیم نے آرمی کی ٹیم کو 37کے مقابلے میں 45پوائنٹس سے شکست دی ۔ ایونٹ میں شریک مختلف ٹیموں میں پاکستان کی قومی ٹیم اور نیشنل اور انٹر نیشنل سطح کے کبڈی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں ۔ ایونٹ کا فائنل آج ایئر فورس اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز میچز کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد جمع تھی ۔ شائقین نے کبڈی کھلاڑیوں کے سیلفیاں لیں اور میچز سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ کبڈی میچز کے دوران کمنٹیٹرز نے اپنے انداز میں شائقین کو محظوظ کیا ۔ وہ اردو ‘پنجابی ‘ہندی اور انگریزی کے الفاظ استعمال کرکے شائقین کو محظوظ کرتے رہے ۔ تاریخ میں پہلی پاکستان کبڈی فیڈریشن کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کر رہی ہے تاکہ ممنوعہ ادویات کا استعمال روکا جاسکے ۔ گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں کو چیک کیا گیا کہ کہیں جسم کو تیل جیسی کوئی چیز تو نہیں لگا رکھی ۔ ہر میچ سے قبل کھلاڑیوں کو ایسے ہی چیک کیا جا رہا ہے ۔ 

ای پیپر دی نیشن