کراچی(نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر گلبہار سے آئے تاجر برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ مہنگائی سے پسی عوام پر منی بجٹ کے نام پر مہنگائی کا جو طوفان مسلط کر دیا گیا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے جسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منی بجٹ میں ادویات سمیت دیگر اشیا خوردوں نو ش میں ہونے والے اضافے اور پیٹرول مصنوعات میں مزید 5روپے فی لیٹر اضافے کی سمری عوام دشمن اقدام ہے جسے حکو مت نے واپس لینا ہوگا کیونکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے جسے مزید نہ آزمایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی زندگی مشکل تر بنادی ہے ایسے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کا ایک دوسرے کیخلاف احتجاجی دھرنے اور بیانات کا سلسلہ سمجھ سے بالا تر ہے،لوگ مہنگائی و بیروزگاری کے سبب خودکشی جیسے انتہائی اقدام پر مجبور ہیں جبکہ حکمران احتجاجی دھرنوں کوجواز بناکر لوگوں کی توجہ اپنی نااہلی و کرپشن سے ہٹا کر دوسری جانب منتقل کر نے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملکی معیشت اورخودمختاری IMFکے ہاتھو ں گروی رکھ کر ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے آج ملک میں ہونے والی مہنگائی،بیروزگاری اور عدم استحکا م کے پیچھے IMFکی ملک دشمن پالیسیاں جو حکمرانوں کے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے کرپٹ و بے حس حکمرانوں نے ذاتی خواہشات اور مفادات کے حصول کیلئے ملکی ادارے IMFکے حوالے کردئیے گئے ہیں جو انتہائی خطرناک اقدام کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔
مہنگائی نے لوگوں کی زندگیاں مشکل ترین بنادیں،ڈاکٹر نگہت
Jan 16, 2022