بصیرپور:کھاد کی فروخت میں بدنظمی‘ کاشتکاروں کا احتجاج‘ لاٹھی چارج‘ کئی زخمی

Jan 16, 2022

بصیرپور (نامہ نگار) بصیرپور میں یوریا کھادکی فروخت کے موقع پر شدید بدنظمی، مخصوص افرادکو نوازنے پر کاشتکاروں کا شدید احتجاج‘ پولیس کے بدترین لاٹھی چارج سے نوجوان محمد علی سمیت کاشتکار زخمی ہو گئے۔ مرکزی انجمن تاجران کے رہنمائوںکی مداخلت سے صورتحال سنبھل گئی۔ کاشتکاروںکے مطابق مقامی ڈیلرکی جانب سے یوریا کھادکی فروخت کے موقع پر شناختی کارڈ کا اندراج کروا کر پرچیاں لینے کیلئے وہ صبح سے سٹی پولیس چوکی کے باہر قطاریں بنا کرکھڑے تھے جہاں محکمہ زراعت کے نمائندہ کی موجودگی میں مبینہ سفارشی افرادکو پرچیاں ملنا شروع ہو گئیں۔ پرچیوںکے بے ضابطہ اجراء پر کاشتکاروں نے حکومت اور پولیس کے خلاف احتجاج کیا تاہم مرکزی انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کاشتکاروںکی منت سماجت کر کے کھاد کی تقسیم کا عمل بحال کروا دیا۔ دریں اثناء کسان اتحادکھوکھرگروپ کے ممتاز احمدکلاسن و دیگر مقامی رہنمائوں اور کاشتکاروںکے مطابق یوریا کی فروخت میں بدنظمی، کاشتکاروں پر پولیس کا لاٹھی چارج حکومت کی ناقص پالیسی کا نتیجہ ہے۔ جسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلی ٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ کسان کو کنٹرول ریٹ پر کھاد کی سہولت دی جائے۔ ترجمان کے مطابق ڈی پی او فیصل گلزار نے بصیرپور میں کھاد کی فروخت کے موقع پر کسانوں پر تشددکی ویڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی دیپالپورکی زیرنگرانی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جو 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
کھاد، بدنظمی

مزیدخبریں