کامیاب جوان پروگرام،50 ارب روپے کے قرضے دیئے جائینگے:عثمان  ڈار

Jan 16, 2022

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ ہم نے گزشتہ سال میں تمام اہداف حاصل کیے ، اب کامیاب جوان پروگرام کے تحت پچاس ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے جن سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے،ماضی کی حکومتوں نے نوجوانوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو نظر انداز کیا،پاکستان میں پہلی بار ہائی ٹیک سکالرشپس دیئے گئے  ہیں،وزیراعظم عمران خان نے سب سے پہلے  ماحولیاتی تبدیلی  پر بات کی،حکومت نے  2023 کونوجوانوں کاسال ڈکلئیر کیا ہے اور سال 2022میں نوجوانوں کے لئے ملک بھر میں سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا،یونیورسٹیوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے یوتھ گرین مومنٹ کا آغاز کیا جائے گا،کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18سے 45کی عمر کا ہر شہری قرضہ کے لئے اپلائی کرسکتا ہے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب  نے کہا کہ حکومت نے رواں سال کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 ارب روپے مالیت کے قرضے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں نئے کاروبار کا فروغ اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب اور نوجوانوں کے امور کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے(ہفتہ)اسلام آباد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کیا۔عثمان ڈار نے کہا کہ کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ سال 2021 سے   کامیاب جوان پروگرام کے جو منصوبے شروع کئے ان کے تمام اہداف حاصل کئے ہیں۔گذشتہ دو سالوں میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک تیس ارب روپے تقسیم کئے گئے اور ستائیس  ارب 2021 میں تقسیم ہوئے ۔سال 2020میں کرونا وبا کی وجہ سے ہر طرف بندش کا سامنا تھا جس وجہ سے کامیاب جوان قرضہ سکیم پہ کام نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں سے وعدہ ہے کہ اس سال پچاس ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقسیم کئے جائیں گے جس سے چالیس ہزار نئے کاروبار شروع ہوں گے اور ہمارا ہدف ہے کہ ایک لاکھ نوجوان کو براہ راست کاروبار شروع کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔وزیرمملکت  برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران کامیاب جوان پروگرام کے تحت 30 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے 50 ہزار نوجوانوں کو براہ راست ملازمتیں ملیںاور بلاواسطہ روزگار کے ہزاروں دوسرے مواقع پیدا ہوئے۔اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نئے کاروبار کے آغاز کو خصوصی طور پر فروغ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ایک تجویز منظوری کے لئے پیش کی جائے گی جس کے تحت بیس لاکھ روپے تک قرضے کے حصول کے لئے کوئی ضمانت طلب نہیں کی جائے گی۔فرخ حبیب نے کہا کہ 10 ارب روپے کے سکلز فار آل پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، کلائوڈ کمپیوٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور دوسرے شعبوں میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ نوجوانوں کو وظائف فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مزید اکسٹھ ہزار نوجوانوں کو اس ماہ کی 31 تاریخ کووظائف دیئے جائیں گے۔عثمان ڈار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2022 کو نوجوانوں کا سال قرار دیا گیا ہے اور اس سال کے دوران پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لئے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے وظائف کا پروگرام شروع کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
عثمان ڈار،فرخ حبیب

مزیدخبریں