رشید ڈی حبیب گولف ٹورنا منٹ، وحید بلوچ مسلسل تیسرے روز سرِفہرست

کراچی( اسپورٹس رپورٹر )بینک الحبیب کے گیارہویں رشید ڈی حبیب  میموریل نیشنل پروفیشنل گولف ٹورنامنٹ کا تیسرا  رائونڈ ہفتہ کوکراچی گولف کلب کے سرسبز کورس پر کھیلا گیا۔ ایونٹ کے تیسرے روز بھی کراچی گولف کلب کے وحید بلوچ شاندار کھیل پیش کرکے لیڈرز بورڈ پر سرِفہرست رہے۔ وحید بلوچ نے اپنی مجموعی برتری 13 انڈر پار کر لی ہے۔ اب وہ ٹائٹل کے حصول سے تھوڑے ہی فاصلے پر ہیں۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپئن شبیر اقبال ترقی کرتے ہوئے حمزہ تیمور امین کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ دارالحکومت کے دونوں گولفر آٹھ آٹھ انڈر پار کا اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔انصر محمود چھ انڈر پار کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔پروفیشنل کیٹگری میں 54 گولفرز نے حصہ لیا۔سینییر کیٹیگری میں کھیلنے والے 27 گولفرز میں سے جمخانہ کلب کے محمد اکرم تین انڈر پار کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔ ایک انڈر پار کے ساتھ اصغر علی ان کا تعاقب کر رہے ہیں۔ آج کھیل کے اختتام پر اس کیٹیگری میں 17 نے گولفرز نے اگلے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن