کوٹلہ تولے خان میں نیا گرلز ہائی سکول بنانے کا اعلان اگلا الیکشن بھی جیتیں گے عامر ڈوگر ندیم قریشی

Jan 16, 2022

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات پنجاب محمد ندیم قریشی نے گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول حسین آگاہی کی انٹرمیڈیٹ کالج میں اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر سکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب جدید اور عصری تعلیم کے حصول کے ذریعے پورا ہو سکتا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت فروغ تعلیم کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا کرعملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور کمیشن کے چکر میں قومی وسائل کو لوٹا گیا مگر موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتے ہوئے قومی خزانے کو قوم کی خوشحالی اور حقیقی ریلیف دینے کیلئے خرچ کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ طالبات کو گھروں کے قریب اعلی تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول کو اپ گریڈ کر کے انٹرمیڈیٹ کالج کا درجہ دیا گیا ہے اس منصوبے پر چار کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی جس سے 12کلاس رومز اور چار لیبارٹریز تعمیرکی جائیں گی جہاں طالبات کیلئے جدید سائنسی آلات اورجدید فرنیچر مہیا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں بچت کے لئے سولر سسٹم کی بھی تنصیب کی جائے گی۔ رکن صوبائی اسمبلی ندیم قریشی نے کہا کہ اس کالج کے قیام سے اندرون شہر کی بچیاں گھروں کے قریب تعلیم مکمل کر سکیں گی رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن کی بدولت انڈسٹری ، زراعت اور ایکسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں مافیاز اور چیلنجز سے نبردآزما ہو کر نیاپاکستان کی تشکیل کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن میں ایم ڈی اے چوک سے لودھی کالونی اور ایل ایم کیو روڈ کی کشادگی کے منصوبے شامل ہیں جبکہ کوٹلہ تولے خان میںایک نیا گرلز ہائی سکول بھی قائم کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن بھی تحریک انصاف ہی جیتے گی قبل ازیں وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی چوک لوہاری گیٹ پہنچے تو تاجرتنظمیوں اورپارٹی ورکرز نے ان کا پر تپاک استقبال کیا اور انہیں ایک شاندار ریلی کی شکل میں حسین آگاہی چوک تک لائے اس دوران جگہ جگہ ان رہنماوں کی دستار بندی کی گئی اور پھولوں کی پتیوں سے انکا استقبال کیا گیاتقریب میں تحریک انصاف کے مقامی اور تاجر رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ 
عامر ڈوگر 

مزیدخبریں