لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بتانا ہے کہ سیاسی جنگ میدان میں رہ کر لڑی جاتی ہے ، لندن کے پویلین سے صرف ’’ کھیل ‘‘ دیکھا جا سکتا ہے ، سیاسی جنگ آپ ہار چکے ہیں اس لئے اب صرف باہر بیٹھ کر کھیل دیکھیں ، قوم یہ سوال کر رہی ہے کہ مریم نواز کون سا ورلڈ کپ جیت کر آرہی ہیں جوان کے استقبال کی تیاریوں کی بازگزشت ہے ، پنجاب اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے اور اب 90 روز میں الیکشن کا انعقاد ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سیاسی میدان میں تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتی،ان کا لیڈر ملک سے مستقل طور پر بھگوڑا ہوچکا ہے اور باقی زندگی وہ الطاف حسین کے ساتھ لڈو کھیل کے گزارے گا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد (ن) لیگ والے اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں ، انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہی آگے کیا کرنا ہے ، اربوں روپے کی لوٹ مار اور کرپشن ثابت ہونے کے بعد کوئی شخص (ن) لیگ یا پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے کے لئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی سیاست کو درگور کرنے کے بعد آصف زردای پنجاب میں (ن) لیگ کی سیاست کا سو ا ستیا ناس کرنے کے مشن میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی لازوال جدوجہد سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہونے جارہا ہے ، قوم کا مستقبل روشن ہے ، تحریک انصاف دو تہائی سے زائد اکثریت سے واپس آ کر چوروں اور لٹیروں کا پورا پورا بندوبست کرے گی ۔