لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے جو کہ حضرت صدیقِ اکبر کی پیروی کر کے آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وہ گزشتہ مرکز توحید و سنت مصطفیٰ آباد قصور میں عظمت صدیقِ اکبر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ہمارے حکمران جب تک لندن، واشنگٹن اور یورپ سے راہنمائی حاصل کرتے رہیں گے اسی طرح ہم معاشی، سیاسی استحکام اور امن و امان کی نعمت سے محروم رہیں گے لیکن جوں ہی یہ لوگ قرآن وسنت اور خلفاء راشدین کے نقش قدم پر چلنا شروع کریں گے تو سیاسی اور معاشی بحران ختم اور پاکستان کی سلامتی‘ بقاء ہر قسم کے خطرات سے محفوظ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران جو ہیں وہ خلفاء راشدین کے نقشِ قدم پر چلیں گے تو پاکستان سے کرپشن، جھوٹ اور ہیرا پھیری کی سیاست کا بھی ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔