لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے متحدہ عرب امارات میں یو اے ای کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے حکام سے ملاقات کیں جس میں پاکستان کرکٹ اور ایشیا کپ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نجم سیٹھی یو اے ای کرکٹ بورڈ کی دعوت پر ان دنوں دبئی میں موجود ہیں، یہاں انہوں نے آئی ایل ٹی ٹونٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور سائیڈ لائنز پر مختلف ملاقاتیں بھی کیں۔نجم سیٹھی نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے وائس چیئرمین خالد زرونی سے ملاقات میں آئی ایل ٹی ٹونٹی کے معاملہ پر بات چیت کی۔ دبئی میں جاری آئی ایل ٹی ٹونٹی میں پاکستان کا کوئی بھی پلیئر شامل نہیں تاہم نجم سیٹھی نے یو اے ای حکام کو یقین دلایا کہ آئندہ سیزن میں پاکستانی کرکٹرز کو اس لیگ میں شرکت کی اجازت ضرور دی جائیگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں تبدیلی سے قبل یو اے ای کی لیگ کیلئے پلیئرز ریلیز کرنے کے عوض پاکستان نے 3 ملین ڈالرز کا تقاضہ کیا تھا جس پر یو اے ای حکام پاکستان کرکٹ بورڈ سے ناراض تھے۔نجم سیٹھی نے ناراضگی ختم کرنے کیلئے مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کو کہا۔اس موقع پر خالد زرونی نے پی سی بی کو مستقبل میں میچز کے یو اے ای میں ممکنہ انعقاد کے حوالے سے بھی تعاون کا یقین دلایا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ایشین کرکٹ کونسل حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور ایشیاکپ کے معاملے پر جلد از جلد اے سی سی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب فروری میں یہ اجلاس منعقد کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ دو ٹوک موقف اختیار کریگا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کا حق ہے اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہو گا۔
نجم سیٹھی کی متحدہ عرب امارات ، ایشین کرکٹ کونسل حکام سے ملاقاتیں
Jan 16, 2023