پولیو ہیلتھ ورکرز‘ ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی:سی سی پی او

Jan 16, 2023


لاہور (نمائندہ خصوصی)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والے پولیو ہیلتھ ورکز اور ٹیموں کو لاہور پولیس کی طرف سے بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ 6 ہزار 360 پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر 1200 سے زائد پولیس افسران وجوان تعینات کئے گئے ہیں۔ 169 یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ سٹی ڈویژن کی37،سول لائنز 17،ماڈل ٹاؤن 33،صدر 23‘ اقبال ٹاؤن کی 19جبکہ کینٹ ڈویژن کی 40 یونین کونسلز میں پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔پولیس مہم کے دوران تھانوں کی 498 موٹر سائیکلز،83 گاڑیاں پولیو مہم والے علاقوں میں موثر پٹرولنگ کریں گی۔ ایس پیز،ڈی ایس پیز اورایس ایچ اوز انسداد پولیو ٹیموں کیلئے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔سی سی سی پی او لاہور نے خبردارکیا کہ انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوںنے ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور تھانوں کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ پولیو ویکسی نیشن والی تمام یونین کونسلز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ کسی ناگہانی صورتحال سے باخبر ہونے اور فوری ردعمل کیلئے تمام پولیس ڈویژنل آفسز میں 'پولیو ایمرجنسی ڈیسک' بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ پولیو ٹیموں کیساتھ کسی بدسلوکی، ہراسگی یا تشدد کیکسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ قومی انسداد پولیو مہم صوبائی دارالحکومت میں 16جنوری تا 22 جنوری جاری رہے گی جس کے دوران شہر بھر کے 5 سال سے کم عمر کے 20 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں