نواز شریف کل کی بجائے آج آئیں تاکہ (ن) کی سیاسی تدفین میں مزید تاخیر نہ ہو‘ جمشیداقبال چیمہ

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق 2025 تک پاکستان کو ڈیفالٹ سمیت 10 خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے، اگلے 2 سال تک پاکستان کو خوراک کی کمی، مہنگائی اور سنگین معاشی بحران کے خطرات کی پیشگوئی انتہائی تشویشناک ہے ،امپورٹڈ ٹولہ اندھے کنویں میں گری اپنی سیاست کو ریسکیو کرنے کی بجائے ملک کو ریسکیو کرنے کیلئے عام انتخابات کا اعلان کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران کارکنان اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ جمہوری لوگ تو ووٹ کی بات کرتے ہیں لیکن پی ڈی ایم ٹولے کی ووٹ کے نام پر نبض ڈوبنا شروع ہو جاتی ہیں ، پنجاب ،خیبر پختوانخواہ کی اسمبلیوں کی تحلیل او ر قومی اسمبلی سے استعفوں کے بعد عام انتخابات کا اعلان نہ کرنا ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں نواز شریف کل کی بجائے آج واپس آئیں تاکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاسی تدفین میں مزید تاخیر نہ ہو ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کے حوالے سے جن خدشات کا اظہار کر رہے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں ۔ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو عدم استحکام کے ساتھ خوارک، قرضوں کے بحران کا سامنا ہے۔ اس لئے ہم مطالبہ کر رہے ہیں جلد سے جلدعام انتخابات کرائے جائیں تاکہ ملک کوفریش مینڈیٹ ملنے سے معاشی چیلنجز کم ہو سکیں۔

ای پیپر دی نیشن