کیف‘ واشنگٹن (اے پی پی + این این آئی) روس نے یوکرائن پر تازہ میزائل حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک جبکہ 71 زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق دنیپرو کے گورنر نے کہا ہے کہ روس نے گزشتہ رات گئے یوکرائن کے مرکزی شہر دنیپرو میں رہائشی اپارٹمنٹس کی عمارت پر میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک 15 سالہ لڑکی سمیت21افراد ہلاک جبکہ64 زخمی ہو گئے ہیں۔ جن میں سات بچے بھی شامل ہیں جبکہ26 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے بھی افراد دبے ہوئے ہیں تاہم ان کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں ہر گھنٹے اضافہ ہو رہا ہے۔ صدر کے مشیر میخائیلو پودولیاک نے روس کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا ہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روس کو سینکڑوں ڈرونز فراہم کیے ہیں۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ تہران روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔ ادھر یوکرائنی صدر کے ایک سینئر معاون نے ڈرون اور میزائل تیار کرنے والی ایرانی فیکٹریوں کو ختم کرنے اور ان ہتھیاروں کے سپلائرز کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔