سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی: ایران کو سزا ملے گی: امریکہ‘ فرانس، برطانیہ

Jan 16, 2023

لندن‘ پیرس (این این آئی) برطانیہ نے ایران میں برطانوی نژاد ایرانی شہری علی رضا اکبری کی پھانسی کو وحشیانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کسی سزا کے بغیر نہیں رہے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں ایران میں برطانوی نژاد شہری علی رضا اکبری کی پھانسی پر صدمے میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک وحشیانہ اور بزدلانہ عمل تھا جسے ایک وحشی حکومت نے انجام دیا۔ اس نے اپنے ہی لوگوں کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے بھی ٹویٹ کیا کہ اس وحشیانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ یہ عمل چیلنج کیے بغیر نہیں رہے گا۔ دریں اثنا امریکا نے بھی ایران میں برطانوی نژاد علی رضا اکبری کی پھانسی کی مذمت کی ہے۔ لندن میں تعینات امریکی سفیر نے اکبری کو تختہ دار پر لٹکانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خوف ناک قرار دیا ہے۔ امریکی سفیر جین ہارٹلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران میں علی رضا اکبری کی پھانسی خوف ناک اور افسوس ناک ہے۔ فرانس نے ایران میں برطانوی شہریت رکھنے والے سابق نائب ایرانی وزیر دفاع علی رضا اکبری کی پھانسی کو گھنائونا عمل قرار دے دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ ایران میں علی رضا اکبری کی پھانسی گھنائونا اور وحشیانہ اقدام ہے۔ برطانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں