فیروزوالہ،نارنگ منڈی( نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کے پیچھے چھپا ہوا تھا وہ اب ہمت کرے اور پنجاب کی طرح کے پی کے اسمبلی بھی توڑے، اسے چھپنے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔ مسلم لیگ (ن) بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔ ہم تو الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ عمران نیازی کوالیکشن میں لگ پتہ جائے گا چار سال میں عمران خان حکومت نے کوئی ایک کام کیا ہے تو بتا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 114 میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاحی تقریبات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین، رکن پنجاب اسمبلی پیر محمد اشرف رسول، چودھری افتخار احمد بھنگو، محمود اختر گورایہ، حاجی طارق محمود ڈوگر، چوہدری ارشد علی ورک، چودھری شہباز احمد کے علاوہ دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کی پالیسی ہوتی ہے ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے، اتحادی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی توڑنے کے بعد اب کے پی کے اسمبلی توڑنے میں لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے۔