سیاسی عدم استحکام نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اویس لغاری


جام پور (نیو زرپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکرٹری جنرل وسابق وفاقی وزیر سردار محمد اویس لغاری نے کہاہے کہ عمران خان نے گزشتہ آٹھ سال سے جان بوجھ کر ملک کو ہیجان میں رکھا ہواہے ۔سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی کی صورتحال نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔مسلم لیگ (ن) جنرل الیکشن کے لئے مکمل طورپر تیار ہے لیکن سردست ملکی معیشت الیکشن کی متحمل نہیں ہے۔ٗ پی ڈی ایم نے نہ بے وقوفی کے تحت وفاقی حکومت لی ہے اور نہ ہی سیاسی جواء کھیلا ہے۔ہمیں پتہ تھا کہ ہمیں جراتمندانہ مگر سخت فیصلے کرنے ہوں گے اور عوام کو مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی کی رہائشگاہ ’’گورچانی ہائوس ‘‘ جام پور میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے صاحبزادے سردار عمار اویس خان لغاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اویس خان لغاری نے کہاکہ آج ملک پر جتنا قرض ہے اس کا 70فیصد عمران خان نے ساڑھے تین سالوں میں لیا ہے ۔آئی ایم ایف سے غلط معاہدے کرکے ملکی سالمیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے سردار جعفر خان لغاری کی وفات پر حلقہ این اے 193کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے بھی مشاورت کی اور آج 16جنوری سوموار پاکستان مسلم لیگ (ن) این اے 193کے کارکنوں کی حتمی مشاورتی میٹنگ بھی کال کی ہے ۔ اس موقع پر سردار جمیل الرحمن خان دریشک ٗ سردار نذر خان رند ٗ حاجی محمد اکرم قریشی ٗ الحاج ارباب سردار امجد خان تھہیم ٗچوہدری مشتاق اعجاز ٗ مرزا ایوب خان ناصر ایڈووکیٹ ٗ ملک رشید احمد ببر ٗ ملک کریم نواز آرائیں ایڈووکیٹ ٗ عشرت عباس خان درانی ایڈووکیٹ ٗ شاہجہان خان کاکڑ ٗ ملک حقنواز برا ٗ ملک اکبر ببر ٗعبدالغفار قریشی ٗ سردار عبدالغفار خان لغاری ٗ ملک غلام مصطفی ڈڈا ٗ میاں عمر ممتاز خواجہ ٗ میاں ظہور احمد خوجہ ٗ فاروق خان گوپانگ ٗسردار جعفر خان درند ٗ مرزا فرحان خان ٗ محمد سلیم قریشی ٗ میاں سیف اللہ ٗ ساجد حسین بدرو اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن