گلیات میں سڑکوں سے برف صاف کر دی گئی، ٹریفک کی آمدورفت بحال 


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت (گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)اور محکمہ سول اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) نے تین دن کی مسلسل شدید برف باری کے بعد اتوار کو گلیات کی سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا ہے۔ برف صاف ہونے کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد قدرت کے دلکش نظاروں اور برف باری سے لطف اندوز ہونے گلیات پہنچ گئی ہے۔ مرکزی مری روڈ کے علاوہ تمام لنک روڈز کو جی ڈی اے اور سی اینڈ ڈبلیو نے بھاری مشینری کی مدد سے کھول دیا ہے اور گلیات کے دور دراز علاقوں کے مکین اپنے گھروں کے لیے ضروری اشیا کی خریداری کے قابل ہو گئے ہیں کیونکہ وہ گزشتہ تین دنوں سے دیہات میں پھنس کر رہ گئے  تھے۔  گلیات میں گزشتہ تین روز کے دوران ایک فٹ سے زائد برف باری ریکارڈ کی گئی اور مری کی مرکزی سڑک کے علاوہ علاقے کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور لوگوں کو لکڑی، ادویات اور اشیائے خوردونوش کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ برف باری کی وجہ سے عوام کو اپنے مریضوں کو ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں منتقل کرنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا لیکن گلیات کی ضلعی انتظامیہ اور جی ڈی اے نے  مقامی لوگوں کے دبائوکے باعث سڑکیں صاف کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے  فوری مشینری بھجوائی اور تمام سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن