لاہور( این این آئی)ترجمان وزیر اعلی پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 26 نومبر کے لانگ مارچ میں جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دکھایا،پاکستان کی موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال فوری اور فری الیکشن کی متقاضی ہے،نکھٹو، نکمی اور کرپٹ امپورٹڈ حکومت قومی اسمبلی تحلیل کر کے پورے پاکستان میں عام انتخابات کا اعلان کرے بصورت دیگر انہیں مستقبل میں بھی سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔ پاکستانی عوام پنجاب اور خیبر پختوانخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ کی عزت سے نوازیں گے۔ جس کرپٹ امپورٹڈحکومت نے پاکستان کی عوام،ریاست اور معیشت کا بیڑا غرق کیا ہے اس کا یوم حساب قریب آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شہباز شریف حوصلہ کر کے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرے۔ ایم کیو ایم اور بہت سے ناراض اراکین کی وجہ سے شہباز شریف اسمبلی کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔ رانا ثنا اللہ اور عطا تارڈ پنجاب کے اندر اعتماد کا ووٹ لینے کی تلقین کیا کرتے تھے۔ اب وہی چیلے چانٹے اپنے ناکام وزیر اعظم کو بھی اعتماد کے ووٹ لینے کا کہیں۔
شہباز شریف اعتماد کھو بیٹھے ،ثنا اللہ ، عطا تارڑ ناکام وزیر اعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہیں‘ فیاض چوہان
Jan 16, 2023