اسلام آباد(نا مہ نگار) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی خصوصی دعوت پر بیلجیئم کا پارلیمانی وفد 16 جنوری سے 21 جنوری تک پاکستان بیلجیم پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ایلیسیا کلیس کی قیادت میں پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تجارت اور کاروبار میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ بیلجیم کے پارلیمانی وفد میں بیلجیئم پاکستان فرینڈ شپ گروپ کی چیئرپرسن ایلیسیا کلیس کے علاہ مسٹر کارل وینلوور، اسٹیٹ سینیٹر مسٹر فلپ کورارڈ، پی ایس، اسٹیٹ سینیٹر، مسٹر جارجز ڈیلمیگن، لیس انگیجز کے علاہ بیلجیئم چیمبر آف ریپریزنٹیٹوز کے رکن اور بیلجیئم پارلیمنٹ کے سینئر افسران بھی وفد میں شامل ہیں۔ بیلجیئم کا پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے علاہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے ممبران، پارلیمانی وویمن کاکس کی ممبران، قومی اسمبلی میں پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جیز کی کنوینر رومینہ خورشید عالم سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ علاوہ ازیں پارلیمانی وفد لاہور میں گورنر پنجاب سے ملاقات کرے گا جس کے بعد وفد لاہور کے مشہور مقامات اور بادشاہی مسجد میں ٹیکسپاک(بیلجیم کمپنی)کا بھی دورہ کریں گے۔ بعد ازاں بیلجیم کا پارلیمانی وفد کراچی کا جائے گا جہاں وہ وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کرے گا۔پارلیمانی وفد (ایم اے ایل سی)کراچی کے جذام مرکز کا بھی دورہ کرے گا،اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بھی جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی دعوت پر بلجیم کا پارلیمانی وفدآج پاکستان کا دورہ کریگا
Jan 16, 2023