42ویں ایئر چیف اوپن گالف چیمپئن شپ کا اختتام


اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) بیالیسویں چیف آف دی ایئر اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب اتوار کو ایئرمین گالف کلب اینڈ ریکریشنل پارک کورنگی کریک، کراچی میں ہوئی۔ ائیر مارشل حامد راشد رندھاوا، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ایڈمنسٹریشن)، تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ محمد شبیر نے 278 (10 انڈر پار) کے مجموعی سکور کے ساتھ بیالیسویں چیف آف دی ائیر سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ محمد عالم نے285 (3 انڈر پار) کے مجموعی سکور کے ساتھ دوسری جبکہ حمزہ تیمورامین اور محمد زبیر نے 288 (صفر انڈر پار) کے مجموعی سکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے فاتح کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے ایونٹ کی بھرپور کامیابی پر ایئر مین گالف کورس کی انتظامی کمیٹی اور متعلقہ حکام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ گالف کے فروغ کو بھی جاری رکھے گی۔ چیمپئن شپ جس میں 300 گالفرز نے حصہ لیا ملک کے مشکل ترین گالف کورس میں پانچ دن تک جاری رہی اور 18 ہولز پر کھیلی گئی۔ چیف آف دی ایئر سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 1977ء میں متعارف کرائی گئی اور تب سے اس چیمپئن شپ کو پی جی ایف اور پی اے ایف کے سالانہ کھیلوں کے کیلنڈرز میں ایک خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
گالف چیمپئن شپ 

ای پیپر دی نیشن