بہتر ہے آئی ایم ایف کی طرف جائیں پنجاب  میں مینڈیٹ چھینا تو  مزاحمت کریں گے : عمران


لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امید ہے موجودہ آرمی چیف شفاف انتخاب کروائیں گے۔ پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ کم کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے۔ اس وقت ہم یا ڈیفالٹ ہیں یا آئی ایم ایف کا آپشن ہے، بہتر ہوگا ہم اس صورتحال میں آئی ایم ایف کی طرف چلے جائیں۔ این آر او کے سوا ہر بات کے لیے تیار ہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لوگوں کو بلا کر کہا گیا کہ عمران خان کا کوئی مستقبل نہیں۔ جنوبی پنجاب کے ہمارے لوگوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لیے کام کرے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جتنی طاقت فوج کے پاس ہے اتنی کسی اور ادارے کے پاس نہیں، فوج مثبت کردار ادا کرے تو ملک کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے منحرف ارکان سے ملنے سے انکار کر دیا اور انہیں سنٹرل سیکرٹریٹ میں شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہدایت کی کہ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اس عمر کے سامنے پیش ہوکر وضاحت پیش کریں۔ یاد رہے کہ فیصل چیمہ‘ مومنہ وحید اور خرم لغاری اعتماد کے ووٹ کے وقت ایوان سے غیرحاضر تھے۔
عمران

ای پیپر دی نیشن