خیبر پی کے جے یو آئی  کا منتظر پیچھے نہیں ہٹیں گے وقت کم مقابلہ سخت :  فضل الرحمن

Jan 16, 2023


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مقابلہ سخت اور وقت کم ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، خیبرپختونخوا آنے والے دنوں میں جمعیت علماء اسلام کی حکومت کا منتظر ہے۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک علماء کا ملک ہے، اسلام کا تعارف دینی مدارس، جمعت علماء  اسلام کرے گی، وہ کون ہوتا ہے جو چھوٹے سے حجرے میں بیٹھ کر پورے ملک میں فتوے لگاتا ہے، ہمیں استقامت کے ساتھ ایک راستے پر جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا ہماری مدد کر رہی ہے، عمران خان کے ذریعے پاکستان میں معاشی عدم استحکام لایا گیا، اگر پاکستان کی قسمت میں پھر یہی کم بخت ہے تو پھر یہ ملک اسلامی، اخلاقی ملک نہیں رہے گا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکی بالادستی کا مقابلہ کیا ہے، عمران خان اپنے آقاؤں کا ایجنڈا مکمل نہیں کر سکا، اس شخص نے دوست ملکوں سے تعلقات خراب کیے، عمران خان نے ملک کو سفارتی طور پر تنہا کیا، عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر کھڑی ہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے ایم این اے ناصر موسیٰ زئی جے یو آئی میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صوبے میں سیاسی تبدیلی آ چکی ہے اور عوام کی توجہ کا مرکز جے یو آئی ہے۔ گزشتہ 15 سال سے عوام کو بیدار کر رہا ہوں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف والے لوگ مغربی تہذیب کے نمائندے ہیں‘ عمران خان اب باؤلا بن رہا ہے۔
فضل الرحمان

مزیدخبریں