ن لیگ  کو عبرتناک  شکست ہوئی الیکشن میں پی پی جیسا حشر ہو گا : پرویز الہی

Jan 16, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور میں پاکستان کی پہلی خاتم النبیینؐ یونیورسٹی کا افتتاح کیا اور جامع مسجد خاتم النبیینؐ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ چودھرپرویزالٰہی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کو الیکشن میں عبرتناک قسم کی شکست ہوگی۔ (ن) لیگ کا عام انتخابات میں وہی حشر ہوگا، جو پی پی کا ہوچکا ہے۔ شہبازشریف بہت چالاک اور ہوشیار بنتا ہے اور غیبی مدد کے انتظار میں رہتا ہے لیکن اب یہ بری طرح بے نقاب ہوگیا ہے۔ شہبازشریف الیکشن کے بعد منہ چھپاتا پھرے گا۔ اسحاق ڈار کہتا تھا، میں ڈالر لاؤں گا، لیکن یہ ڈالر باہر لے گئے۔ (ن) لیگ ہر آنے والے لمحے کمزور سے کمزور تک ہورہی ہے۔ اعتماد کے ووٹ میں ہم نے (ن) لیگ کو سرپرائز دیا۔ اب صدر علوی انہیں اعتماد کے ووٹ کا کہیں گے تو انہیں جان کے لالے پڑ جائیں گے۔ عمران خان نے شہبازشریف کا بندوبست کردیا ہے اب ان کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا جو اسے نہیں ملنا۔ عمران خان نیک آدمی ہیں، ان میں ملک سنوارنے کا جذبہ ہے۔ نوجوان عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کے لئے کام کررہے ہیں۔ عمران خان ایماندار ہیں اور ہر کام محنت سے کرتے ہیں۔ عمران خان کی محنت اور سیاسی سوجھ بوجھ رنگ لارہی ہے۔ قوم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ میں نے کہا تھا خان صاحب اسمبلی آپ کی امانت ہیں، جب چاہیں لے لیں۔ عمران خان سے صرف اپنا عہد نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ پرسوں تک کے پی کے اسمبلی بھی تحلیل ہوجائے گی۔ اب عام انتخابات ہی ہوں گے، شہبازشریف کو ووٹ نہیں ملیں گے۔ پی ڈی ایم میں کوئی اتفاق اور یگانگت نظر نہیں آرہی۔ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔ ایم کیو ایم پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ہے۔ رانا ثناء  اللہ لوگوں کو گمراہ کرتا رہا کہ غیبی مدد آرہی ہے۔ رانا ثناء اللہ اب جھوٹوں کی ٹیم کو لیکر نواز شریف کے پاس گیا ہے، نوازشریف نے اس کی کلاس لینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو عام انتخابات میں عبرتناک شکست نظر آرہی ہے، اس لئے نوازشریف واپس نہیں آرہا۔ جہاں نئے ڈویژن، ضلع اور تحصیلیں بنی ہیں الیکشن نہیں ہاریں گے۔ جب موقع ملا تو ریسکیو1122 کی سروس دیہات تک شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بلیو لائن ٹرانسپورٹ سسٹم سے عا م آدمی کو فائدہ ہوگا۔ لاہور میں عوام کے لئے ہائبرڈ بسیں جلد نظر آئیں گے۔ انارکلی سمیت اورنج کے بڑے سٹیشن پر پارکنگ پلازے اور شاپنگ مال بنائیں گے۔ دریائے چناب پر 300میگاواٹ کے چھوٹے ڈیم بنائیں گے۔ ناظرہ اور ترجمہ قرآن مجید پڑھے بغیر کوئی طالب علم ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکے گا۔ نجی سطح پر سود لینے پر 10سال کی سزا کا قانون پاس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ  کا حلف نامہ نکاح نامے میں شامل کرانے سے دھوکہ دہی کے واقعات کا سدباب ہوا۔ خاتم النبیین ؐ یونیورسٹی کا آج افتتاح کیا، باقاعدہ کام جلد شروع ہوگا۔ خاتم النبیینؐ یونیورسٹی میں مسجد اور ہوسٹل بھی بنائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ملتان ‘ وہاڑی دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دیدی۔ ملتان سے ٹبہ سلطان پور تک دورویہ 39 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی۔ فیصل آباد‘ چنیوٹ‘ سرگودھا دو رویہ سڑک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دومرحل میں مکمل کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں فیصل آباد سے چنیوٹ تک دو رویہ سڑک کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں بار ایسوسی ایشن منڈی بہائوالدین کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے منڈی بہائوالدین کی تینوں بار ایسوسی ایشنز کو 2 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کے چیک دیئے۔

مزیدخبریں