کھیل نے بہت کچھ دیا‘پیسوں نہیں عزت کیلئے کھیلتا ہوں :عمران طاہر

Jan 16, 2023


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی نژاد جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر نے کہا ہے کہ میں اس کیلئے بہت محنت کرتا ہوں، پس پردہ ہونیوالی محنت کسی کو نظر نہیں آتی، میری عمر میں یہ سب آسان نہیں لیکن مجھے اپنی محنت اور اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اگر میں اپنا کام پورا کروں گا تو مجھے کسی سے ڈر نہیں ، میں کھیل کی عزت کرتا ہوں اور ہر میچ میں اپنا سو فیصد دیتا ہوں۔مجھے اس کھیل نے بہت کچھ دیا، میں چھوٹا تھا تو یہی خواہش تھی کہ پوری دنیا کو اپنی صلاحیت دکھا ﺅں، جب موقع ملا تو ریلیکس نہیں ہونا چاہتا تھا، مجھے انٹرنیشنل کرکٹ32 سال کی عمر میں ملی، موقع دیر سے ملا لیکن اسکو جانے نہیں دینا تھا اس لیے کافی محنت کرتا رہا، کھیل سے ایماندار رہا اور رہوں گا، کیونکہ اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا۔ وہ اب جنوبی افریقہ میں نہیں بلکہ دبئی میں فیملی کےساتھ رہائش پذیر ہیں اور اس لیگ میں رہتے ہوئے وہ فیملی سے قریب بھی رہ سکتے ہیں۔ پہلے فرنچائز میری عمر پر سوال کرتی تھی، مجھ پر پیسہ خرچ کرنے سے کتراتی تھی، میں جب بھی گراو¿نڈ میں آتا ہوں مجھے خود کو ثابت کرنا پڑتا ہے، میں پیسوں کیلئے نہیں کھیلتا، میں عزت کیلئے کھیلتا ہوں، کبھی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بڑے کنٹریکٹ نہیں ملے،لیکن یہ اعتماد ہے کہ اگر پرفارمنس دی تو ملین ڈالر لینے والوں کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہوں۔ وہ آج بھی کرکٹ اس لیے کھیل رہے ہیں کیونکہ انہیں کھیل کی بھوک ہے، جس دن کھیل سے جی بھرگیا چھوڑ دیں گے۔

مزیدخبریں