جہانیاں(نمائندہ نوائے وقت)مسلم لیگ ضیاء گروپ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر اعجازالحق نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان میں کھگہ فیملی کا کردار نمایارہا پیر میاں بڈھن شاہ کھگہ ایم ایل اے قائد اعظم محمد علی جناح کے پر عزم ساتھی تھے جنہوں نے دو قومی نظریے کا آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے بھر پور ساتھ دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار سمیع خان کے ہمراہ پیر میاں محمد سہیل زمان شاہ کھگہ سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ باعث مسرت ہے کہ پیر میاں محمد سہیل زمان شاہ کھگہ اپنے جد امجد کے نقش قدم پر چل کر پاکستان کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اس موقع پر انہوں نے پیر میاں محمد سہیل زمان شاہ کھگہ کے ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں سابق ایم پی اے مہر عمران پرویز دھول،پیر عثمان شاہ کھگہ،چئیرمین سعید خان پہوڑ بھی موجود تھے۔