ملتان( نمائندہ خصوصی ) تاجر تنظیموں نے ڈکیتی کی وارداتوں سے تنگ آکر احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسکا اعلان باہمی مشاورت کے بعد جلد کیا جائے گا اس وقت بوسن روڈ ، گلگشت ، نواب پور روڈ ،سورج میانی، چوک کمہارانوالہ والہ، شاہ رکن عالم ، نیو ملتان ، وہاڑی چوک سترہ کسی، خانیوال روڈ سمیت گردونواح میں چوری ،رہزنی، ڈکیتی کی وارداتوں میں بتدریج اضافہ پر شہری اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں ، پولیس کا گشت بڑھانے کے باوجود وارداتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے اس سلسلے مرکزی تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے اپنا مشترکہ لائحہ عمل بھی ترتیب دے دیا ہے کہ وہ ملتان کے شہری علاقوں اور چھوٹی بڑی مارکیٹوں سمیت اہم تجارتی مراکز میں ہونے والی وارداتوں کے خلاف چوک کچہری سمیت ملتان کے معروف چوراہوں اور اہم تجارتی مراکز کے باہر مرحلہ وار احتجاج کرینگے۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیرمین خواجہ سلیمان صدیقی، چیرمین ال پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق ، صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز ظفر اقبال صدیقی، چیرمین احتشام الحق ، قومی تاجر اتحاد کے صدر سلطان محمود ملک ، انجمن تاجران پاکستان کے نائب صدر عارف فصیح اللہ ، انجمن تاجران صدر بازار کینٹ کے صدر چوہدری محمود ، آل کنٹونمنٹس تاجران کے جنرل سیکرٹری معظم وحید خواجہ، اور کوآرڈینیٹر غضنفر ملک سمیت چیرمین انجمن تاجران سورج میانی روڈ کفایت حسین صدیقی اس سے پہلے متعدد بار وارداتوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا چکے ہیں۔