ہمارے 7 امیدوار آزاد قرار، الیکشن کمشن انتخابی نشان ’’تیر‘‘ الاٹ کرے: پی پی 

 لاہور (نمائندہ خصوصی)  پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 7 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے باوجود انتخابی نشان تیر الاٹ نہ کرنے پر پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔  ذرائع کے مطابق پنجاب سے پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی کے 3  اور پنجاب اسمبلی کے 4  امیدواروں کو ریٹرننگ افسران نے آزاد قرار دے دیا۔ ان امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے باوجود انتخابی نشان’ تیر‘ الاٹ نہیں کیا گیا۔ این اے 58 چکوال سے ذوالفقار علی خان، چکوال 59سے حسن سردار، این اے 122 لاہور سے چوہدری عاطف رفیق  تیر کا انتخابی نشان حاصل نہ کرسکے۔ صوبائی نشستوں پر پی پی 20 چکوال سے چوہدری نوشاد خان، پی پی  21 چکوال سے راجہ امجد نور، پی پی 119 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مجاہد اسلام اور پی پی 163 لاہور میں محمد فیاض بھٹی کو بھی ’ تیر ‘ کا نشان الاٹ نہیں کیا گیا۔ امیدواروں کو تیر کا انتخابی نشان الاٹ نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کے انچارج الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو تحفظات پر مبنی خط تحریر کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آزاد امیدوار ہارس ٹریڈنگ کا باعث بنتے ہیں۔ 

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ 2024 الیکشن کو ہونے سے پہلے متنازعہ کیا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن ایسے حالات کیوں پیدا کررہے ہیں جس سے الیکشن فری اینڈ فئیر نہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو۔ وہ ذوالفقار علی بدر، امجد حسین، چودھری عاطف رفیق، فائزہ ملک، ڈاکٹر  خیام حفیظ اور نیلم جبار کیساتھ  پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری منظور نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے 7 امیدواروں کو نشان نہیں دیا گیا۔ انھیںِ آزاد کردیا گیا اور نشان الاٹ کر دیئے گیے ہیں۔ اس طرح 2024 الیکشن شفاف نہیں ہوں گے یہ ایک طرح کی دھاندلی کی ابتدا ہے، الیکشن کمیشن کو فوری طور پر مداخلت کرنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن