غزہ: مصری صحافی، مزید 125 فلسطینی شہید، حماس کمانڈر صالح کی دو بہنیں گرفتار

Jan 16, 2024

غزہ +نیویارک (نوائے وقت رپورٹ +این این آئی) غزہ میں اسرائیلی بمباری میں مصری میڈیا کے صحافی‘ مواصلاتی کمپنی کے 2 اہلکاروں سمیت مزید 125 فلسطینی شہید‘ 265 زخمی ہو گئے۔ شہید حماس رہنما صالح العاروری کی 2 بہنوں دلال العاروری اور فاطمہ کو پکڑ لیا گیا۔ سنگین انسانی بحران کے درمیان اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین نے خبردار کیا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے زور دے کر کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی مشکل، تباہ کن اور ناقابل برداشت ہے۔ اپنے بیان میں مزید کہا کہ غزہ کی پٹی پر جنگ کے 100 دن اس پٹی کے باشندوں کے لیے ایسے گزرے جیسے 100 سال ہوں۔ غزہ کی صورتحال بہت مشکل، تباہ کن اور ناقابل برداشت ہے۔ اقوام متحدہ کے کمشنر جنرل نے دنیا کے تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور فوری جنگ بندی کے حصول کے لیے کام کریں۔ شہداء میں صحافی یزان الزویدی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تنقید کرنے پر اسرائیلی ٹیچر کو گرفتار کر لیا۔ 100 روز میں 5825 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت نے کہا غزہ کے لوگوں کی زندگی جہنم بنا دی گئی۔ صیہونی کابینہ کے رکن نے نیتن یاہو کو کھری کھری سناتے کہا بس اب خود سے جھوٹ بولنا بند کرو۔ اسرائیل کا بجٹ خسارہ 2.25 سے بڑھ کر 6.6 فیصد ہونے کی توقع ہے۔ اسرائیلی کابینہ نے جنگ کیلئے 15 ارب ڈالرز کا اضافی بجٹ منظور کر لیا۔ اسرائیلی وزارت خزانہ کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے 2024ء کیلئے ترمیمی بجٹ منظور کیا ہے۔ بجٹ میں جنگی اخراجات کیلئے اضافی 15 ارب ڈالر رکھے گئے ہیں۔القسام بریگیڈ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے دو اسرائیلی یرغمالی مارے گئے۔ بمباری سے ایک اسرائیلی یرغمالی زخمی بھی ہوا۔

مزیدخبریں