12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت درخواستیں سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) سانحہ 9 مئی کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے تمام 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر دیں۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواستیں سماعت کے لیے منظور کر لیں۔ درخواستوں میں موقف اپنایا گیا کہ سانحہ 9 مئی ہوا لیکن سابق وزیر اعظم گرفتار تھے اور کسی مظاہرے میں موجود نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کے طور پر پھنسایا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 17 جنوری کو تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے تمام متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ریکارڈ طلبی نوٹس جاری کر دئیے۔ دوسری طرف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں استغاثہ کے مزید چار گواہان کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر استغاثہ کے 4 گواہان اقرا اشرف، عمران ساجد، شمعون قیصر، حسیب بن عزیز کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ توشہ خانہ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی۔ ایک گواہ کا ابتدائی بیان قلمبند کر لیا گیا۔ سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی گئی ۔

ای پیپر دی نیشن