اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سیکرٹری داخلہ سے سائمن ریڈلے کی سربراہی میں برطانوی ہوم آفس کے وفد نے ملاقات کی۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزموں کی حوالگی کے معاہدوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ برطانیہ میں جعلی یونیورسٹیوں اور سٹوڈنٹ ویزا پر غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ سائمن ریڈلے نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا کے نظام کو مکمل طور پر آن لائن/ ڈیجیٹیلائز کیا جا رہا ہے، جس سے سے ویزا کے حصول میں آسانی پیدا ہوں گی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔ حال ہی میں مدت سے زائد قیام کی صورت میں فیس کو 800 ڈالر سے کم کر کے 400 ڈالر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان برطانیہ کا انسداد دہشتگردی، سمگلنگ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق، ملزموں کی حوالگی معاہدوں کاجائزہ
Jan 16, 2024