سائفر کیس لائیو دکھائیں‘ پتہ چلے ملک کا وفادار کون؟ شاہ محمود

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  عالمی میڈیا سماعت سننے کے لئے آنا چاہتا ہے تو کیوں آنے نہیں دیا جا رہا، الزام ہے کہ ہم نے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا، اگر ہم قصور وار ہیں تو دنیا کو پتہ چلنا چاہیے۔ درخواست کرتا ہوں کہ سائفر کیس کے ٹرائل کو لائیو دکھایا جائے۔ سب کو پتہ چلے کہ ملک کا وفادار کون ہے اور بے وفائی کس نے کی۔ عمران خان صرف شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہا ہے، بلا چلا گیا جس سے اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔ میں اگر لوٹا بن جاتا تو آج منظور نظر ہوتا، ارینج اور انجینئرڈ الیکشن قبول نہیں کئے جائیں گے۔ اگر پارٹی انتخابات کو تسلیم نہیں کرنا تھا تو چھ ماہ تک فیصلہ کیوں لٹکایا گیا ہم جیل کی کوٹھڑیوں میں ہیں پھر بھی ان کی ٹانگیں کانپی ہوئی ہیں۔ پی ٹی آئی کو چھوڑ دو تحریک انصاف کا جھنڈا اٹھانا جرم نہیں ہے جو عمران خان کو باہر دیکھنا چاہتے ہیں وہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں۔ جیل میں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا، میں اور عمران خان قید تنہائی میں ہیں۔ تین روز قبل بہنوئی کا انتقال ہوا جنازہ تک پڑھنے نہیں دیا گیا، بہنوئی کے انتقال کا ذکرکرتے ہوئے شاہ محمود قریشی آبدیدہ ہو گئے اور فاتحہ خوانی بھی ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ کسی حد تک جیل میں قید انعام ہے، اللہ سے لو لگا لی ہے، آخرت کی ابدی زندگی کے لئے ذکر اذکار کرتا ہوں اور نماز پڑھتا ہوں، شاید اللہ نے جیل بھیج کر کہا اگلے جہان کی اصلی تیاری کر لو۔ 

ای پیپر دی نیشن