خاندانوں کی باریوں کے راستے بند، عوام بیدار ہو چکے: سراج الحق

Jan 16, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خاندانوں کی حکمرانی اور باریوں کے راستے بند، عوام بیدار ہو چکے۔ خاندانوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں سٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں، اختیارات عوام کو منتقل ہوتے دیکھنا انہیں ڈراؤنے خواب کی طرح لگتا ہے۔ جماعت اسلامی سمجھتی ہے استحکام اور امن کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے۔ الیکشن التوا سے متعلق سینٹ قراردادوں کی  نہیں، ان سے ایوان کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کرے گی۔ سود پر پابندی لگا کر معیشت کو سنواریں گے۔ کرپٹ اور آزمودہ حکمران کرپشن ختم کرسکتے ہیں نہ ان سے ملک ٹھیک ہوگا۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، یہ شمع جلائے رکھیں گے۔ قوم8 فروری کو ترازو پر مہر لگائے، وعدہ کرتے ہیں انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہ این 6 میں ثمر باغ اور معیار کے مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار پی کے 17اعزاز الملک افکاری بھی  موجود تھے۔ انتخابی مہم کے دوران سیکڑوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ سابقہ حکمران ماضی کی طرح جھوٹے اعلانات کر کے عوام کواس بار بھی دھوکا دینے کی کوشش میں ہیں، ان کی سالہا سال کی حکومتی کارکردگی صفر ہے۔ سراج الحق نے کہا عام آدمی اس وقت ملکی حالات سے پریشان ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہوا، روزگاری، بدامنی، مہنگائی اور سیاسی انتشار کے باعث نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ہم نے پورے ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشست پر اہل ایماندار لوگوں کو ٹکٹس دیے ہیں۔ امیدواروں کو دولت کی بنیاد پر نہیں میرٹ پر ضلعی، پارلیمانی بورڈز کی منظوری کے بعد مرکزی پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹس جاری کیے۔ جماعت اسلامی میں فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں