ذکاء اشرف کی کے پی سے ارباب نیاز سٹیڈیم پی سی بی کے حوالے کرنے کی درخواست

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) سلمان نصیر نے جمعرات کو کے پی کے وزیر کھیل نجیب اللہ مروت سے ملاقات کی جس میں ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کے بارے میں اپ ڈیٹس پر تبادلہ خیال کیا۔ پی سی بی 2025ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سٹیڈیم میں کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور کچھ میچز وہاں کروانا چاہتا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کے پی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سٹیڈیم کو حوالے کرے تاکہ بورڈ اس کی دیکھ بھال پر کام کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ سٹیڈیم اگلے سال کے لیے تیار ہے۔ پشاور کا ارباب نیاز سٹیڈیم رواں سال جون تک مکمل ہونے کے قریب ہوگا۔ خیبرپی کے کے نگران وزیر کھیل کے مشیر امجد عزیز ملک نے اس کی تصدیق کی۔ مزید برآں امجد نے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ اور ڈاکٹر نجیب اللہ مروت کی پشاور میں پاکستان سپر لیگ کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک نمائشی میچ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اگرچہ فزیبلٹی ابھی تک غیر یقینی ہے وہ پشاور میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ واپس لانے کیلئے بے چین ہیں کیونکہ شہر نے 2006ء سے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی میزبانی نہیں کی ہے۔ اگر وہ مقام پر کنٹرول حاصل کر لیتے ہیں تو یہ ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کے مرکز کے طور پر بھی کام کر سکتا ہے۔ ارباب نیاز سٹیڈیم نہ صرف پاکستان کرکٹ کیلئے ایک بہترین مقام ثابت ہوگا بلکہ یہ پاکستان کے سافٹ امیج کو بلند کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا اور کے پی کے کلچر کو بھی فروغ دے گا جو کہ قومی یکجہتی کے لیے ایک بہترین علامت ہے۔

ای پیپر دی نیشن