سموگ کے کنٹرول کیلئے چینی ماہرین کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے، نادر چٹھہ

Jan 16, 2024

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)چین ہمارا ہمسایہ دوست ملک ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اورسموگ کے کنٹرول کیلئے چینی ماہرین کے تجربات اور مہارت ہمارے لئے فائدہ مند ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے چین سے آئے ہوئے ماحولیاتی ماہرین کی ٹیم سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں سالانہ گندم کی کاشت6.4 ملین ہیکٹیرز اور دھان کی کاشت2.6 ملین ہیکٹیر زپر کی جاتی ہے جس سے بالترتیب اوسط پیداور3.2 اور2.3  ملین ٹن/ہیکٹر حاصل ہوتی ہے ۔ صوبہ پنجاب میں گندم کی مشینی کاشت 31 فیصدجبکہ69 فیصدکٹائی مشینوں سے کی جاتی ہے۔ دھان کی مشینی کاشت6 فیصداور کٹائی 60 فیصد مشینوں سے ہوتی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے وفد کو واضح کیا کہ سموگ بننے میں زراعت کا صرف20 فیصد حصّہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سٹیلائیٹ سے لی گئی تصاویر کے مطابق انڈین پنجاب میں دھان کی کاشت کیلئے پاکستان کی نسبت دوگنا رقبہ زیرِ کاشت لایا جاتا ہے جن کی کٹائی پاکستان میں دھان کے ساتھ ہوتی ہے۔دھان کی کٹائی کے بعد بھارتی پنجاب میں زیادہ رقبہ پر آگ لگنے کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہورہا ہے۔اس کے علاوہ بڑھتی ہوئی آبادی ، ٹرانسپورٹ کا زیادہ استعمال و صنعتی سرگرمیاںسموگ کے بننے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے چینی وفد کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ 2020 ء میں کورونا کے لاک ڈاؤن کے دوران سموگ پیدا نہیں ہوئی اگرچہ اس دوران بھی زرعی سرگرمیاںمعمول کے مطابق جاری رہیں مگر فضائی آلودگی پیدا نہیں ہوئی۔ اس موقع پر چائنیز کونسلیٹ جنرل مسٹر زاہوشیرن نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد آئیدیاز،نالج اور تجربات کی باہمی شئیرنگ ہے۔انھوں نے چینی ماہرین کی بیجنگ میں فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر عملی اقدامات کرنے بارے آگاہی فراہم کی۔اس ملاقات کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن )عمر شیر چٹھہ،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل زراعت (فیلڈ)  انجنئیر احمد سہیل ،چیف پلاننگ اینڈ ایویلوایشن سیل رانا محمود اختر،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں