امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید سردی کے باعث نظام زندگی متاثر ہوگیا ہے، مختلف ہوائی اڈوں سے داخلی اور بیرون ممالک تقریباً دس ہزار پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں۔ جبکہ حادثات میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے جھکڑ اور برفباری کا سامنا کرنیوالی ریاست اوریگن میں چار اموات ہوئی ہیں جہاں 90 ہزار شہری بجلی سے محرومی کا سامنا کررہے ہیں۔
پچھلے تین روز میں منسوخ یا التواء کا شکار پروازوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
امریکا کی بعض ریاستوں میں درجہ حرارت معمول سے بہت زیادہ کم ہوگیا ہے، جس کے باعث امریکا کے 80 فیصد شہری نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
ریاست مونٹانا میں سرد ہواؤں کے سبب درجہ حرارت منفی چالیس تک گر گیا ہے جبکہ ریاست ٹیکساس میں جہاں سن 2021 میں طوفان کے سبب 246 افراد ہلاک ہوئے تھے، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں تاکہ سپلائی برقرار رہے۔ریاست فلوریڈا کے بعض حصوں میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ریاست یوٹاہ میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، ریاست میں چار فٹ تک برف پڑچکی ہے۔