لارڈزکرکٹ گراؤنڈ میں جاری پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روزپاکستان کواپنی دوسری اننگزمیں میچ جیتنے کے لیے تین سو چھبیس رنزکی ضرورت ہے اوراس کی نووکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان نے کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگزمیں چار سوچالیس رنزکے بڑے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر ایک سو چودہ رنزبنائے ہیں۔ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی عمران فرحت چوبیس رنز بنا کر سٹیو سمتھ کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے۔ سلمان بٹ اٹھاون اور اظہر علی اٹھائیس رنز پر کھیل رہے ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں تین سو چونتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کے لوئر آرڈر کھلاڑیوں نے ذمہ داری کے ساتھ پاکستانی بالرز کا سامنا کیا۔ ٹم پین نے سینتالیس، بولنجر نے اکیس اور بین ہلفینہاس نے اپنے کیریر کے بہترین چھپن رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے عمر گل نے چار اور محمد آصف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔