اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سری لنکا کے وزیر خارجہ پروفیسر گیمینی لکشمن پیریز نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین سینٹ فاروق نائیک سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ جی ایل پیرز سے ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دوطرفہ قریبی تعلقات کو بالخصوص اقتصادی و تجارتی میدان میں مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت کے خصوصی حوالے سے باہمی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ علاوہ ازیں باہمی تجارت کے فروغ اور سہولت کیلئے مجوزہ کرنسی کے مبادلہ کے سمجھوتے پر پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر زرداری نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات باہمی احترام، ایک جیسے تہذیبی ورثے اور متعدد ایشوز پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں۔ سری لنکن وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ گزرنے والے ہر دن کے ساتھ باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات مزید تقویت پائیں۔ وزیراعظم گیلانی نے ملاقات میں کہاکہ سری لنکا اور پاکستان جنوبی ایشیاءکے اہم ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جامع معاشی پارٹنر شپ کے معاہدہ کےلئے بات چیت میں آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں کولمبو میں اگست میں بات چیت کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ صدرکے خصوصی نمائندے کے حیثیت سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔ خطے کے ممالک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات کےلئے پرعزم رہنا چاہئے۔ جیسے سری لنکا نے کیا تھا۔وزیراعظم نے خطے میں امن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان تمام پڑوسی ممالک بھارت‘ افغانستان اور ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سری لنکا کے صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ اعلیٰ سطح کے دوروں سے دوستانہ تعلقات گہرے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس تواتر سے ہونے چاہئے۔ سری لنکا کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف گزشتہ 30 سال سے انکے ملک کی جدوجہد کے بارے میں بتایا۔ ملاقات میں چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کی خودمختاری اور استحکام کی بھرپور حمایت کرتا ہے، دونوں ممالک عوامی رابطوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں، پاک سری لنکا تعلقات باہمی اعتماد اور دوستی پر مبنی ہیں۔
سری لنکن وزیر خارجہ