”بجلی، گیس لوڈشیڈنگ جاری رہی تو پاکستان ایشیاءکا ٹائیگر نہیں بن سکے گا“

لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ ہفتہ میں 5 دن سوئی گیس کی بندش، 10 گھنٹے اعلانیہ اور 4 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے حکومت کا پاکستان کو ایشاءکا ٹائیگر بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ حکومت اگر انڈسٹریز کو ترقی دینا چاہتی ہے تو انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس اور بجلی فراہم کرے تاکہ انڈسٹریز اپنی پوری استطاعت کے مطابق پیداوار تیار کرے اس سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور حکومت کا ویژن بھی مکمل ہو گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد شہری علاقوں میں سی این جی یونٹوں کی بندش کے بعد اس گیس کو انڈسٹریز کو فراہم کیا جائے تاکہ گیس سے چلنے والی انڈسٹریز بحران سے نکل کر پیداواری استعداد کے مطابق کام کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نصراللہ مغل نے بیوریج یونٹوں پر کیپسٹی ٹیکس کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیپسٹی ٹیکس کے نفاذ سے بیوریج یونٹ بتدریج بند ہو رہے ہیں جس کا لازمی اثر حکومت کے ٹیکس ریونیو پر پڑے گا اس ٹیکس کے نفاذ سے حکومت کو فائدہ کی بجائے الٹا نقصان ہو گا اس لئے حکومت فی الفور یہ ٹیکس واپس لے۔

ای پیپر دی نیشن