کراچی میں پُرتشدد واقعات ،2 افراد قتل 4 زخمی، مقابلے میں 2 ڈاکو گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) مختلف علاقوں میں بدھ کو پُرتشدد واقعات میں 2 افراد قتل چار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو گلا کاٹ کر ہلاک کر دیا اور اسکی نعش پھینک کر فرار ہوگئے۔ ادھر نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں 26 سالہ عبدالرحمان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ سرجانی ٹائون میں گھریلو جھگڑے کے دوران دو لڑکیوں 25 سالہ ثوبیہ اور 18 سالہ منی کو تشدد کر کے زخمی کر دیا گیا۔ جبکہ لانڈھی میں دائود چورنگی کے نزدیک دو افراد 48 سالہ دلبر اور 25 سالہ تمریز کو چُھری کے وار کر کے زخمی کر دیا گیا۔ لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص دم توڑگیا۔ دوسری طرف فریئر پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان عرفان اور مہران شاہ اپنے تیسرے ساتھی کے ہمراہ تین تلوار کے قریب واقع کوکونٹ پارک کے سامنے راہگیروں کو لوٹ رہے تھے۔ اسی طرح رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے زیر حراست ملزم عمران عابدی عرف ڈان کی نشاندہی پر ملیر جی ایریا میں چھاپہ مار کر اس کے مزید 5 ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں ممتاز عرف ممی سٹے والا‘ ابرار عرف ایف آئی اے والا‘ فضل عرف میڈیکل والا‘ ساجد عرف جیلر اور گوہر رضی عرف بھیا شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن