لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ثبوت محفوظ اور قاتلوں کے چہرے یاد ہیں، یہ تمام ثبوت قوم کے سامنے ہیں، انصاف کے ادارے ان ثبوتوں سے زیادہ دیر منہ نہیں موڑ سکتے، سانحہ ماڈل ٹائون قاتل حکمرانوں کیلئے زلزلہ ہے ، جب یہ زلزلہ آئیگا انہیں سر چھپانے کیلئے چھت اور بھاگنے کیلئے زمین نہیں ملے گی۔ قارون کا خزانہ رکھنے والے حکمران میرے کسی کارکن کو نہیں خرید سکے میری قیمت لگانے کی جرأت کیسے کر سکتے ہیں۔ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں شہداء کے لواحقین اور انقلابی کارکنان سے وعدہ ہے کہ خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک کے گزشتہ رات شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے ساتھ گزاری۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں عمر بھر ان شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتا نہ ہی میری آنے والی نسلیں ان قربانیوں کو فراموش کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کیلئے جدوجہد جاری ہے، دھرنا ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے، انقلاب آکر رہیگا۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے ماڈل ٹائون کا کیس لڑنے کی بھرپور تیار کرلی، ایک ایک قاتل کو قانون کی عدالت میں بھی بے نقاب کرینگے۔
شہدائے ماڈل ٹائون کا کیس لڑنے کی تیاری کرلی، ہر قاتل کو بے نقاب کرینگے: طاہر القادری
Jul 16, 2015