اسلام آباد (محمد فہیم انور سے) ملک بھر میں موبائل فون سِمز کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 98 ملین سمز بلاک جبکہ 127ملین سمز کو تصدیق کا عمل پورا کرنے پر کلیئر کردیا۔ پی ٹی اے نے تمام موبائل فون آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ماہانہ بنیادوں پر بائیو میٹرک تصدیق شدہ موبائل فون صارفین کی تعداد کا ڈیٹا پی ٹی اے کو بھجوائیں۔ جنوری سے مئی 2015ء تک بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کے دوران پی ٹی اے کو بھجوائے گئے ایک ٹیلی کام آپریٹر کا ڈیٹا اس لحاظ سے مشکوک ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے باوجود اس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ دکھایا گیا جبکہ باقی تمام آپریٹرز کے صارفین کی تعداد میں بتدریج کمی دکھائی گئی ہے۔ اسکے باوجود 12جنوری سے 15مئی تک ہونیوالی بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کے دوران تمام ٹیلی کام آپریٹرز نے حکومت اور پی ٹی اے سے بھرپور تعاون کیا۔ باور کیا گیا ہے کہ موبائل فون کمپنی کی جانب سے پی ٹی اے کو اپنے صارفین کی تعداد کے حوالے سے غلط اعداد و شمار فراہم کئے گئے۔