جوہری معاہدے پر اسرائیل کے تحفظات جائز ہیں، امید ہے ایران اپنا منفی رویہ تبدیل کریگا: اوباما

Jul 16, 2015

واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ 6 عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے پر اسرائیل کے تحفظات جائز ہیں لیکن ایٹمی ایران اس سے بھی زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے۔ اوباما کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہمارے بڑے اختلافات ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جوہری معاہدے کے بعد ایران اپنا صنفی اور مجرمانہ رویہ تبدیل کریگا تاہم انکا کہنا تھا کہ اس حوالے سے یقین کے ساتھ کوئی بات نہیں کہی جا سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایران کے سیدھے راستے پر آنے کے حوالے سے مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ امریکی صدر نے پریس کانفرنس کے دوران کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ سفارتی تعلقات معمول پر نہیں آسکے۔رائٹرز کے مطابق اوباما کا معاہدے کے مخالفین سے سوال تھا کہ وہ اسکا متبادل راستہ بھی بتائیں، معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران ایٹمی ہتھیار حاصل کرلیتا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شام کا مسئلہ روس، ترکی اور دیگر پارٹنرز کے تعاون کے بغیر حل ہونا ممکن نہیں تھا۔ انکا کہنا تھا کہ ایران کو بھی اس حوالے سے بات چیت کا حصہ بننا چاہئے۔

مزیدخبریں