اسلام آباد+ سیالکوٹ (بی بی سی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پاک فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھارت کا جاسوسی کرنیوالا ڈورن طیارہ مار گرایا ہے۔ آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی جاسوسی ڈورن بدھ کو لائن آف کنٹرول کے علاقے میں پرواز کر رہا تھا۔ بھارت کے جاسوسی کرنیوالے ڈرون نے پاکستان کی سرحد کی خلاف ورزی کی جس پر ڈرون کو آزاد کشمیر میں ایل او سی کے قریب بھمبھر کے مقام پر گرایا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے اس طرح کے ڈرون عموماً بلندی سے تصاویر لینے کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ پاکستان کی فوج کے مطابق اس سے قبل بھی کئی مرتبہ بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ گذشتہ کچھ ماہ کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ تباہ ہونے سے قبل بھارتی طیارہ تصاویر بنا رہا تھا۔ بھارتی ڈرون کی ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر کو آج وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر آج سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ بھارتی ڈرون کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا جائے گا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بزدل بھارت نے پھوکلیان سیکٹر میں سرحدی چوکیوں اور سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے سورج نکلنے سے قبل ہی چناب رینجرز کی چوکیوں اور سول آبادی پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مارٹر گولے برسائے جس کے جواب میں چناب رینجرز کے جوانوں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی تاہم بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔پنجاب رینجرز کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔ پنجاب رینجرز کے جوانوں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارتی گنیں اور توپیں خاموش ہوگئیں۔ بجوات کے علاقے سے پاک رینجرز نے دو مشکوک افراد کو بھی گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھارتی ساختہ موبائل فون برآمد کرلئے گئے جبکہ دونوں افراد سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اکھنور سیکٹر میں پاکستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے اکھنور سیکٹر میں بی ایس ایف کی ایم آئی او یو پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔اے این این کے مطابق پاکستانی سرحدی محافظ نے قابل فخر کارکردگی دکھاتے ہوئے جی تھری رائفل کے ایک ہی فائر سے بھارتی ڈرون مار گرایا۔ برطانوی نیوز ویب سائٹ ’’دی نیوزٹرائب‘‘ کے مطابق پاکستان میں بسنے والے 18 کروڑ سے زائد افراد کو محفوظ سرزمین پر زندہ رہنے کا موقع دینے کیلئے افواج پاکستان دن رات سرحدوں سمیت مختلف محاذوں پر برسرپیکار ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کو بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ۔ 27 رمضان المبارک کو پیش آنے والے واقعہ میں لائن آف کنٹرول پر واقعہ علاقے بھمبر آزاد کشمیر کے افتخار آباد سیکٹر میں تعینات مجاہد فورس بٹالین 634 کے حوالدار شاہ زمان نے جی تھری رائفل کے ایک ہی فائر سے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا۔ پیراملٹری فورس کہے جانے والی پاک فوج کی مجاہد فورس بٹالین کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے تعینات ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر نصب متعدد خفیہ کیمرے ہٹا دئیے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف کی جانب سے اعتراضات کے بعد پاکستان نے راجستھان سے ملحقہ سرحد کے ساتھ متعدد مقامات سے خفیہ کیمرے ہٹا لئے ہیں۔بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی راگھون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ڈرون کے پاکستان میں گرائے جانے کا علم نہیں۔ اوفا میں پاکستان بھارت وزراء اعظم کی ملاقات سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ خطے میں امن اور ترقی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آزاد کشمیر میں پیش آنے والا کوئی بھی واقعہ ہمارے لئے قابل تشویش ہے۔ دریں اثناء بھارتی فوج کے ترجمان نے کنٹرول لائن پر ڈرون گرائے جانے کی تردید کی ہے۔