ڈالر گرل بلآخر آزاد ہو گئیں ، منی لانڈرنگ کرتے ہوئے گرفتار ہونے والے ماڈل ایان علی کو اڈیالہ جیل سے ضمانت پر آزادی مل گئی، ہر پیشی پر الگ نظر آنے والی ماڈل جاتے جاتے جیل عملے کو افسردہ کر گئی -
ایان علی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، ان کو لینے کے لئے اڈیالہ جیل کے تین دروازوں پر گاڑیاں موجود تھیں تاہم انہیں جیل ملازمین کے رہائشی گیٹ سے باہر نکالا گیا، جہاں سے وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ گھر روانہ ہوئیں -
اس سے قبل ماڈل ایان علی کے وکلاء راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے ڈیوٹی جج صابرسلطان کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے، ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کراتے وقت ضامن محمد نواز، شوکت بھٹی، محمد عمران اور طارق محمود بھی موجود تھے۔ عدالت نے ضمانتی مچلکے منظور کرتے ہوئے روبکار جاری کیا جس کی وصولی کے بعد اڈیالہ جیل حکام نے ماڈل ایان علی کورہا کردیا۔
ماڈل ایان علی کو چودہ مارچ کو پانچ لاکھ ڈالرز بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کے الزام میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا، اور وہ 4 ماہ سے زائد عرصہ اڈیالہ جیل میں قید رہیں، لاہور ہائیکورٹ نے 14 جولائی کو ان کی ضمانت منظورکی، ایان علی آزادی کے بعد گھر میں عید گزاریں گیں-