کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو اچانک دل کی تکلیف ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ گورنر ہاﺅس کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران گورنر سندھ عشرت العباد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ دوران نماز زمین پر بیٹھ گئے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس موقع پر وہاں موجود گورنر ہاﺅس کا عملہ ان کو فوراً قومی ادارہ امراض قلب لے گیا جہاں طبی معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے تاہم ان کے مختلف ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق گورنر کو دل کی شریانوں کا مسئلہ ہے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گورنر سندھ کو ٹیلی فون کیا، ترجمان گورنر سندھ کے مطابق آرمی چیف نے گورنر سند ھ کی خیریت دریافت کی، کور کمانڈر کراچی اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے بھی گورنر سندھ کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
گورنر سندھ کو دل کی تکلیف، ہسپتال منتقل: صحت تسلی بخش ہے: ڈاکٹر
Jul 16, 2016