پاکستان نے ترکی میں فوجی بغاوت کی مخالفت اور جمہوری حکومت کی بھرپور حمایت کی ہے ۔ حکومت پاکستان کے ترجمان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ ترکی میں جمہوری حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، امید ہے ترکی میں حالات جلد معمول پر آجائیں گے ۔ پاکستان ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترک وزیر خارجہ کو ٹیلی فون بھی کیا۔ طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ ترکی میں جمہوری نظام کوپٹڑی سے اتارنے کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان ترکی کے عوام کے ساتھ ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے ترکی میں جمہوریت کی فتح کیلئے دعاگو ہیں ۔ خواہش ہے کہ ترکی میں استحکام برقرار رہے ۔ خواجہ آصف نے کہا جمہوریت میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو سکتا ہے ، مارشل لاء میں نہیں ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کو ترکی میں ہونے والی بغاوت سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے پاکستان کےعوام کی یکجہتی پرشکریہ ادا کیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ جمہوریت کی حمایت پر وزیراعظم نوازشریف کے شکر گزار ہیں۔ ایک دوست ملک سے اسی حمایت کی توقع تھی۔