پاک مصر انٹرنیشنل سکوائش سیریز:مصری کھلاڑی چھاگئے،وقار محبوب،احسن اور فرحان کو شکست

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور مصر کے درمیان کھیلی جانیوالی انٹرنیشنل سکواش سیریز کے پہلے روز کھیلے گئے میچز میں مصر کے کھلاڑیوں زاہد محمد ،عمر موساد اور میزن ہیشام نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔گذشتہ روز مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلی جانیوالی مذکورہ سیریز کا پہلا میچ مصر کے زاہد محمد اور پاکستان کے وقار محبوب کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصری کھلاڑی زاہد محمد نے پاکستانی کھلاڑی وقار محبوب کو 29منٹ کے ایک آسان مقابلے میں تین۔صفر(11-9, 11-9, 11-8 )سے شکست دیکر کامیابی حاصل کرلی۔دوسرا میچ پاکستان کے احسن ایاز اور مصر کے عمر موساد کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصری کھلاڑی عمر موساد نے احسن ایاز کو36منٹ کے ایک آسان مقابلے میں تین۔صفر(11-8, 11-7. 12-10)سے شکست دیکرکامیابی حاصل کر لی۔تیسرا میچ پاکستان کے فرحان زمان اور مصر کے میزن ہیشام کے درمیان کھیلا گیا،اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ مہمان خصوصی تھے،ان کے ہمراہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل شاہد اختر علوی ،نائب صدر قمر زمان اور سیکرٹری طاہر سلطان بھی موجود تھے۔اس میچ میں بھی مصری کھلاڑی میزن ہیشام کو کامیابی ہوئی ۔ انہوںنے پاکستان کے فرحان زمان کو تین۔ایک(11-6, 9-11, 11-9, 11-7)سے ہرا کر کامیابی حاصل کر لی۔ تیسرے میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

ای پیپر دی نیشن