جکارتہ،اسلام آباد(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور انڈونیشیاء کا پہلا مشاورتی اجلاس ہوا ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ کا اجلاس جکارتہ میں ہوا ۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری ایشیا پیسفک ذوالفقار گردیزی نے کی جبکہ انڈونیشیا کے وفد کی قیادت ویسراپرسایاڈی جی ایشیا پیسفک نے کی ۔ اجلاس میں سیاسی ، دفاعی ، سلامتی ، معاشی اور قونصلر سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں خیر سگالی کو عملی اقدامات کی صورت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ اجلاس میں اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں پربھی تبادلہ خیال ہوا ۔ عوام کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔