لاہور (خبرنگار) کسٹم انٹیلی جنس نے سڑکوں پر گرفتاری اور گاڑی بچانے کیلئے 2گھنٹے کسٹم‘ پولیس‘ ٹریفک پولیس کی دوڑیں لگوانے والے پراڈو جیپ کے مالک کے خلاف الزام ثابت ہونے پر سمگل شدہ جیپ رکھنے کامقدمہ درج کرلیا۔ ٹویوٹا پراڈو جیپ کو انٹیلی جنس کی ٹیم نے گلشن اقبال پارک کے قریب روکا۔ کاغذات منگوانے کے نام پر ڈرائیور محمدانور نے کمک طلب کرلی اور آنے والے 7افراد کسٹم اہلکاروں سے لڑائی کے بعد گاڑی چھین کر لے گئے۔ جیپ کو یتیم خانہ چوک میں روک کر قبضے میں لیا گیا۔گاڑی کا معائنہ کرایا تو سندھ نمبر پلیٹ جعلی نکلی۔ بعدازاں ایک شخص مظہر محمود چمن کسٹم کے کاغذات لیکر پیش ہوا کہ یہ گاڑی کسٹم حکام سے چمن میں 2014ء میں خریدی گئی تھی۔ گاڑی کی ڈلیوری سمیت دیگر خطوط کو چمن اور کوئٹہ بھیجا گیا جہاں پر تمام خطوط جعلی نکلے۔