راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان مسلم لیگ (ن)میٹروپولٹن راولپنڈی کے سیکریٹری جنرل حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ذمے قومی خزانے میںایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں نکال سکی، تحقیقات کا محور صرف شریف خاندان کے ذاتی کاروبار کی چھان بین تھا اور اب اس مبہم رپورٹ کے تضادات عوام پر کھل کر اشکارہ ہو چکے ہیں جس میں جے آئی ٹی کے اراکین کی جانبداری واضح ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے اور وزیر اعظم سے استعفے مانگنے والے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ایک ہی ہفتے کے اندر ہی کئی گروپوں میںبٹ کر منتشر ہوچکے ہیں اور ہر ایک کی منطق دوسرے سے جدا ہے۔ یہ چوں چوں کا مربہ بہت جلد خود ایک دوسرے کے خلاف زہر اگلنا شروع کردے گا۔ حاجی پرویز خان نے کہاکہ ایک مضبوط منتخب عوامی نمائندہ حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ کا مقصد عوام کو گمراہ کرنے اورشرانگیزی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوںنے کہا کہ جان بوجھ کر افواہوں کی فیکٹریاں کھول دی گئی ہیں اورایک ایسے وقت میں جب ملک ترقی کر رہا ہے اور پاکستان کاروبار اور سرمایہ کار ی کے لئے عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور سی پیک جیسیے عظیم منصوبے مکمل ہورہے ہیں ان حالات میں منتخب حکومت کے خلاف محاز کھول دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ حاجی پرویز خان نے کہا کہ وزیر اعظم کو پوری کابینہ اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور ان کی قیادت میں موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پور ی کرے گی۔