سارجنٹ ہلاکت کیس ‘ عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت مسترد‘گاڑی غیرقانونی نکلی

کوئٹہ(صباح نیوز) کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے کیس میں رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجیداچکزئی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ہفتہ کوکوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی لیکن ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے ان کی غیر موجودگی میں ہی ان کی درخواست ضمانت پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سنادیا جس کے تحت ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجیداچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک سارجنٹ جاں بحق ہوگیا تھا، پولیس نے پہلے تو واقعے کو دبانے کیلئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن وڈیو منظر عام پر آنے اور چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے از خود نوٹس لینے کے بعد عبدالمجیداچکزئی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق کوئٹہ پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجیدخان اچکزئی نے جس گاڑی سے ٹریفک پولیس کے سارجنٹ کو کچلا تھا وہ غیرقانونی نکلی ہے اور غیرقانونی گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی گاڑی کے انجن اور چیسز نمبر ٹمپر کئے گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن